پاکستانی شہریوں کو امریکی ویزا کے لیے 20 ہزار ڈالر کی مالی ضمانت جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی
واشنگٹن: امریکا نے اپنے ویزا بانڈ پروگرام کو مستقل پالیسی کا حصہ بنا دیا ہے، تاہم پاکستان اس پروگرام میں شامل ممالک کی فہرست میں شامل نہیں۔ اس کے نتیجے میں پاکستانی شہریوں کو امریکی وزیٹر ویزا حاصل کرنے کے لیے 20 ہزار امریکی ڈالر تک کی مالی ضمانت جمع کرانے کی شرط کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
رپورٹس کے مطابق 2025 میں متعارف کرایا گیا ویزا بانڈ پائلٹ پروگرام اب مستقل شکل اختیار کر چکا ہے۔ اس پروگرام کے تحت بعض ممالک کے شہریوں کو کاروباری یا سیاحتی ویزا کے حصول کے لیے 10 ہزار سے 20 ہزار امریکی ڈالر تک کی قابلِ واپسی مالی ضمانت جمع کرانی ہوگی۔
نئے قواعد کے مطابق ویزا بانڈ کی زیادہ سے زیادہ حد 15 ہزار ڈالر سے بڑھا کر 20 ہزار ڈالر کر دی گئی ہے۔
اس پروگرام میں بنگلا دیش، نیپال اور متعدد افریقی ممالک سمیت تقریباً 50 ممالک شامل کیے گئے ہیں، جبکہ پاکستان، بھارت، افغانستان اور ایران اس فہرست میں شامل نہیں ہیں۔ اس لیے پاکستانی شہری پہلے کی طرح معمول کے ویزا درخواست کے طریقہ کار کے مطابق ہی درخواست دے سکیں گے۔
ماہرین کے مطابق یہ پروگرام ان ممالک کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جہاں ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد غیر قانونی قیام یا امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کے واقعات نسبتاً زیادہ رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کا اس فہرست میں شامل نہ ہونا پاکستانی درخواست گزاروں کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے، کیونکہ انہیں اضافی مالی ضمانت جمع کرانے کی شرط پوری نہیں کرنا ہوگی۔
پاکستان اردو پوائنٹ عوام تک بروقت، مستند اور ذمہ دارانہ خبریں پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔