سونے کی قیمت 4,530 ڈالر اور چاندی 75.14 ڈالر فی اونس — قیمتی دھاتیں تاریخ کی مہنگی ترین سطح پر

سال کے اختتام پر کم لیکویڈیٹی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاری کے رجحانات نے عالمی مارکیٹ میں دھاتوں کی قیمتوں کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ، عالمی مارکیٹ میں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں نے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران چاندی کی قیمت میں 3.6 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد چاندی 75.14 ڈالر فی اونس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
دوسری جانب سونے کی قیمت بھی بڑھ کر 4,530 ڈالر فی اونس تک جا پہنچی، جو کہ تاریخ کی ریکارڈ سطح ہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا میں شرح سود کم نہ ہوئی تو قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ ممکن ہے۔

ماہرین کے مطابق سال کے اختتام پر مارکیٹ میں کم لیکویڈیٹی، سرمایہ کاروں کی قیاس آرائیاں، امریکی شرح سود میں مزید کٹوتیوں کی توقعات اور بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی نے قیمتی دھاتوں کی قیمتوں کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ اس کے علاوہ سخت سپلائی، آٹو موبائل انڈسٹری میں مضبوط مانگ اور سونے سے سرمایہ کاری کا رخ دیگر دھاتوں کی جانب منتقل ہونے کے باعث پلاٹینم اور پیلیڈیم کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ تمام قیمتی دھاتیں ہفتہ وار بنیادوں پر نمایاں منافع کی جانب گامزن ہیں اور یہ رجحان آنے والے ہفتوں میں بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔
