پاور ٹرانسمیشن اور سرکاری اداروں کی اصلاحات کے لیے تاریخی معاہدے، توانائی اور معاشی استحکام کی جانب اہم پیش رفت

حکومتِ پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے درمیان مجموعی طور پر 730 ملین ڈالر مالیت کے دو اہم ترقیاتی منصوبوں پر دستخط ہو گئے ہیں۔
وزارتِ اقتصادی امور کے اعلامیے کے مطابق، ان معاہدوں کا مقصد ملک کے توانائی کے شعبے کو مستحکم بنانا اور سرکاری ملکیتی اداروں (SOEs) میں اصلاحات کے عمل کو مؤثر بنانا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ 330 ملین ڈالر مالیت کے سیکنڈ پاور ٹرانسمیشن منصوبے پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کے تحت مستقبل میں آنے والے پن بجلی کے منصوبوں سے 2300 میگاواٹ بجلی کی قابلِ اعتماد ترسیل ممکن ہو سکے گی۔ یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کو مضبوط بنانے اور بجلی کی ترسیل میں حائل رکاوٹوں کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

دوسری جانب 400 ملین ڈالر مالیت کے سرکاری ملکیتی اداروں کے ٹرانسفارمیشن پروگرام پر بھی معاہدہ طے پایا ہے، جس کا مقصد ایس او ای ایکٹ اور پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے تاکہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر ہو اور مالی خسارے میں کمی لائی جا سکے۔
ترجمان وزارتِ اقتصادی امور کے مطابق، ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فان نے ان اقدامات پر حکومتِ پاکستان کے مضبوط عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں میں اصلاحات کا یہ پروگرام پاکستان کی مجموعی معاشی اصلاحاتی کوششوں کو مزید تقویت دے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ معاہدے توانائی کے شعبے میں استحکام، معاشی اصلاحات اور پائیدار ترقی کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔