پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مجوزہ لانگ مارچ کی حکمت عملی سے متعلق تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں 12 مقامات پر دھرنے دینے اور اسلام آباد کی جانب مرحلہ وار پیش قدمی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ مجوزہ حکمت عملی کے تحت موٹروے اور جی ٹی روڈ کے مختلف مقامات پر احتجاج کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور، خیبر، نوشہرہ، صوابی، مردان، چارسدہ، ہری پور، ایبٹ آباد، کوہاٹ اور لکی مروت سمیت مختلف اضلاع میں احتجاجی کیمپوں کے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
پارٹی کے ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کو انتظامات میں حصہ لینے کی ہدایات دی گئی ہیں، جبکہ ضلعی تنظیمیں کارکنوں کے لیے خوراک، پینے کے پانی اور دیگر ضروری سہولیات کا انتظام کریں گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پشاور سے مارچ کی قیادت کریں گے۔ حتمی حکمت عملی طے کرنے کے لیے پشاور میں اجلاس بھی طلب کیے جانے کی اطلاع ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مارچ کا راستہ روکے جانے کی صورت میں کارکن اسی مقام پر دھرنا دیں گے۔ تاہم مجوزہ منصوبے پر عمل درآمد اور احتجاج کے حتمی انتظامات سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔