فورٹ عباس کے قریب افسوسناک واقعہ، مقتول کے بیٹے کی مدعیت میں 3 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج، پولیس نے گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

بہاولنگر کے علاقے فورٹ عباس کے قریب معمولی تلخ کلامی ایک جان لیوا واقعے میں تبدیل ہوگئی، جہاں 3 افراد کے مبینہ وحشیانہ تشدد سے ایک زمیندار جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق 58 سالہ شوکت علی اپنے بیٹے کے ہمراہ ہوٹل سے کھانا کھا کر باہر نکل رہے تھے کہ راستے میں تلخ کلامی ہوئی۔ الزام ہے کہ تین افراد نے انہیں دھکے دے کر زمین پر گرا دیا اور تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہو سکے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق مقتول کے بیٹے کی مدعیت میں 3 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ملزمان واقعے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تاہم ان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور جلد انہیں قانون کی گرفت میں لانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔