35 کروڑ عوام اپنے حقوق اور مفاد کے لیے اٹھیں، آئی پی پیز سمیت عوام پر بوجھ بننے والے معاہدے ختم کیے جائیں، نسیم صادق
عام لوگ پاکستان کے چیئرمین نسیم صادق نے عوام سے اپنے حقوق کے لیے متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے 35 کروڑ عوام کو اپنے مفاد اور مستقبل کے تحفظ کے لیے جاری تحریک کا حصہ بننا چاہیے۔
نسیم صادق نے اپنے بیان میں آئی پی پیز اور دیگر معاملات پر حکومتی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ چند بااثر اور حکومتی خاندانوں کے مفادات کے بجائے عام عوام کے مفاد کو ترجیح دی جائے اور ایسے تمام معاہدوں اور پالیسیوں کو فوری ختم کیا جائے جو عوام پر مالی بوجھ کا باعث بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اب اپنے حق اور حقوق کے لیے آواز بلند کرنا ہوگی، کیونکہ اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو آنے والے سال میں عام شہریوں پر معاشی دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔
چیئرمین عام لوگ پاکستان نے کہا کہ آئی پی پیز سمیت قومی معیشت پر بوجھ بننے والے معاملات پر واضح اور عوام دوست فیصلے کیے جائیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پرامن اور آئینی طریقے سے اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کریں اور ایسی تحریک کا حصہ بنیں جس کا مقصد عام آدمی کے مفادات کا تحفظ ہو۔