لاہور: پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ برقرار ہے، جبکہ محکمہ موسمیات اور پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پیشگوئی کی ہے کہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 5 اگست تک جاری رہے گا۔ اس دوران لاہور سمیت متعدد اضلاع میں تیز بارش، اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔ بارشوں میں وقفے کے باعث درجہ حرارت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 29 اور زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
ممکنہ بارشوں کے پیش نظر ایم ڈی واسا نے نکاسی آب کے انتظامات مؤثر بنانے کے لیے تمام آپریشنل عملے کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جبکہ پی ڈی ایم اے پہلے ہی 5 اگست تک لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع کے لیے الرٹ جاری کر چکا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں صورتحال نارمل ہے، جبکہ دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وزیرآباد کے مقام پر نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب اور نارووال کے نالہ بسنتر اور نالہ بئین میں بھی نچلے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔
پی ڈی ایم اے نے دریاؤں اور ندی نالوں کے کناروں پر رہنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ حکومت پنجاب نے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس بھی قائم کر دیے ہیں، جہاں متاثرین کو رہائش، خوراک، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کی جائیں گی۔
پنجاب میں مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی، لاہور سمیت متعدد شہروں میں اربن فلڈنگ، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ۔