امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈنمارک اور گرین لینڈ کے ساتھ ایک معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے تحت امریکا کو گرین لینڈ کی سیکیورٹی اور دفاع سے متعلق وسیع اختیارات حاصل ہوں گے۔
ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکا گرین لینڈ کے موزوں علاقوں میں بڑی فوجی موجودگی قائم کرنے کا عمل فوری طور پر شروع کرے گا۔ ان کے مطابق معاہدے کے تحت کسی مخالف ملک کو امریکا کی تحریری منظوری کے بغیر گرین لینڈ میں فوجی اڈہ قائم کرنے یا حساس سرمایہ کاری کی اجازت نہیں ہوگی۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اس انتظام پر امریکا کو کوئی خرچ نہیں اٹھانا پڑے گا اور اسے امریکا، ڈنمارک، گرین لینڈ اور اتحادیوں کے مفاد میں قرار دیا۔
تاہم ڈنمارک اور گرین لینڈ کی حکومتوں کی جانب سے معاہدے کی مکمل شرائط اور مستقل امریکی کنٹرول کے دعوے کی باضابطہ تصدیق سامنے آنا باقی ہے۔ اس لیے ٹرمپ کے اعلان کو حتمی معاہدہ یا گرین لینڈ کی خودمختاری میں تبدیلی قرار نہیں دیا جاسکتا۔