اسلام آباد: دفترِ خارجہ نے بھارتی وزیرِ داخلہ کی جانب سے بھارت میں ہونے والی بعض گرفتاریوں کو پاکستان سے جوڑنے کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی قرار دیا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق بھارت اپنی داخلی سکیورٹی کے مسائل سے توجہ ہٹانے اور محدود سیاسی مفادات کے لیے پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرا رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایسی پروپیگنڈا مہم پاکستان کے خلاف بھارت کی بدنیتی پر مبنی مہم کا ایک اور مظہر ہے۔
دفترِ خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان متعدد بار بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی اور عدم استحکام کی سرگرمیوں میں مبینہ مداخلت کے شواہد عالمی برادری کے ساتھ شیئر کر چکا ہے۔ ترجمان نے کلبھوشن یادیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مطابق یہ معاملہ بھارت کے ملوث ہونے کے دعوے کا ثبوت ہے۔
پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرے اور خطے میں دہشت گردی اور تخریبی سرگرمیوں سے متعلق الزامات کا غیر جانب دارانہ جائزہ لے۔