اسلام آباد میں لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں وزرائے داخلہ کی ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔
ملاقات میں دہشت گردی، منشیات، سائبر کرائم، غیر قانونی امیگریشن اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے دوطرفہ تعاون اور انٹیلیجنس شیئرنگ بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ پولیس اکیڈمیز اور تربیتی پروگرامز میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔
دونوں ممالک نے وزارتِ داخلہ کی سطح پر تعاون کے لیے ایم او یو پر جلد دستخط کرنے اور بہتر رابطہ کاری کے لیے فوکل پرسنز مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔ انسدادِ منشیات کے شعبے میں موجود ایم او یو پر مکمل عملدرآمد پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور لبنان کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا فری انٹری کی سہولت پر بھی بات چیت ہوئی۔ محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ لبنانی وزیر داخلہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھولے گا۔
احمد الحجار نے پاکستان کو برادر ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ لبنان بالخصوص داخلی سلامتی کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید آگے بڑھانا چاہتا ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔