بیرونی سرمایہ کاری سے پہلے خود اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرنا ہو گی، ہارون اختر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے معاونِ خصوصی ہارون اختر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بیرونی سرمایہ کاری سے پہلے خود اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرنا ہو گی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان بزنس کونسل کے ڈائیلاگ آن اکانومی سیشن میں شرکت کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔’’جنگ ‘‘ کے مطابقہارون اختر نے کہا ہے کہ روزگار کے مواقع کے لیے تیز رفتار معاشی ترقی ضروری ہے، صنعتی ترقی کے بغیر کوئی ملک خوش حال نہیں ہو سکتا، برآمدات کی رفتار درآمدات سے زیادہ ہونی چاہیے، ورنہ تجارتی خسارہ بڑھتا ہے۔برآمدات بڑھانے کے لیے مینوفیکچرنگ کو فروغ دینا ہو گا، اس وقت درآمدات برآمدات سے زیادہ ہیں جس سے معیشت دباؤ کا شکار ہے، ایف بی آر نے اصلاحات میں بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔
معاونِ خصوصی ہارون اختر کا کہنا ہے کہ پاکستان خود اپنی قوت سے ترقی کر سکتا ہے، آئی ایم ایف کے سامنے صنعتی پالیسی میں ٹیکس پیکیج پیش کیا جائے گا، آنے والے اصلاحاتی اقدامات پائیدار معاشی ترقی کے لیے ہیں۔
