شہریوں کا شدید احتجاج؛ متعدد قصاب سرکاری نرخوں سے زائد قیمتیں وصول کرنے لگے— بیمار اور مردہ جانوروں کا گوشت فروخت ہونے کے انکشافات، وزیرِ اعلیٰ مریم نواز سے فوری کارروائی کا مطالبہ

گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں قصابوں کی جانب سے گوشت کی سرکاری ریٹ لسٹ مکمل طور پر نظر انداز کر دی گئی ہے، جہاں شہریوں سے من مانی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں۔ متعدد شکایات سامنے آئی ہیں کہ بعض دکاندار نہ صرف غیراعلانیہ مہنگائی کر رہے ہیں بلکہ بیمار، کمزور اور بعض واقعات میں مردہ جانوروں کا گوشت بھی فروخت کر رہے ہیں۔
شہریوں نے بتایا ہے کہ انتظامیہ کی کارروائیاں نہ ہونے کے برابر ہیں، جس کی وجہ سے قصابوں میں کھلی چھوٹ اور بے خوفی پیدا ہو چکی ہے۔ کئی علاقوں میں چھاپوں اور چیکنگ کی شدید کمی کے باعث غیر معیاری گوشت کھلے عام فروخت ہو رہا ہے، جو شہریوں کی صحت کیلئے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔

عوام نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ اس سنگین مسئلے پر فوری توجہ دی جائے اور قصاب مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، تاکہ سرکاری ریٹ کی پابندی یقینی بنائی جا سکے اور شہریوں کو صحت مند اور محفوظ گوشت فراہم ہو سکے۔