وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کا کینسر کے مریضوں کے لیے 5 سالہ مفت ادویات منصوبے کا اعلان

حکومت پاکستان اور دوا ساز کمپنی روش کے اشتراک سے پمز ہسپتال میں کینسر مریضوں کو مفت علاج کی سہولت ، وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کینسر کے مریضوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔ اس 5 سالہ منصوبے سے کینسر کے ہزاروں مریض مستفید ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے معاہدے کی تقریب کے دوران کیا۔

سید مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ یہ ادویات حکومت پاکستان اور دوا ساز کمپنی ’’روش‘‘ کے مشترکہ تعاون سے فراہم کی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں پمز ہسپتال میں تقریباً 745 کینسر مریضوں کو مفت ادویات دی جائیں گی، جس میں 70 فیصد اخراجات کمپنی جبکہ 30 فیصد اخراجات حکومت پاکستان برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مرحلے میں تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کی ادویات فراہم کی جائیں گی، جن میں سے 10 لاکھ حکومت اور 90 لاکھ روپے کمپنی فراہم کرے گی۔

وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ کینسر ایک موذی بیماری ہے جو پورے خاندان کو متاثر کرتی ہے، اور معیاری علاج کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ دوا ساز کمپنی ’’روش‘‘ کے پاس چھاتی، پھیپھڑوں اور جگر کے کینسر کے علاج کی مؤثر ادویات موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پمز ہسپتال سے اس منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے اور پبلک پرائیویٹ شراکت داری پر اعتماد بحال ہونے کے بعد مزید منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔