پنڈی بائی پاس (شہباز شریف فلائی اوور) کی خستہ حالی، عوامی تحفظ شدید خطرے میں
ریلنگ چوری، ناقص لائٹس اور انتظامی خاموشی نے سوال کھڑا کر دیا

رائزنگ گوجرانوالہ کے دعوے تو زبان زدِ عام ہیں، مگر شہر کے اہم ترین راستے پنڈی بائی پاس المعروف شہباز شریف فلائی اوور کی موجودہ حالت ان دعوؤں کی نفی کرتی نظر آتی ہے۔ یہ فلائی اوور جو روزانہ ہزاروں شہریوں، موٹر سائیکل سواروں اور مسافر گاڑیوں کے استعمال میں ہے، شدید بدانتظامی اور عدم توجہی کا شکار ہے۔

مقامی شہریوں کے مطابق فلائی اوور پر نصب لوہے کی ریلنگ آئے روز غائب ہو رہی ہے، جو نہ صرف مالی نقصان بلکہ انسانی جانوں کے لیے بھی بڑا خطرہ بن چکی ہے۔ رات کے وقت صورتحال مزید تشویشناک ہو جاتی ہے، کیونکہ بیشتر اسٹریٹ لائٹس یا تو خراب ہیں یا محض دکھاوے تک محدود ہیں، جس کے باعث حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کو بارہا آگاہ کرنے کے باوجود کوئی مؤثر کارروائی نظر نہیں آتی۔ سوال یہ ہے کہ اگر کسی ناخوشگوار حادثے کا سامنا ہو تو اس کی ذمہ داری کون قبول کرے گا؟ عوام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آخر فریاد کس سے کی جائے۔

شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فلائی اوور کی فوری مرمت، ریلنگ کی بحالی، مؤثر لائٹنگ سسٹم اور مستقل نگرانی کا بندوبست کیا جائے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ سوشل میڈیا پر ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے آواز بلند کی جا رہی ہے تاکہ اعلیٰ حکام تک یہ سنگین مسئلہ پہنچ سکے۔