کمشنر کراچی نے آٹے کے نئے نرخوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، ریگولر اور فائن آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا اعلان۔

کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نئے نرخوں کے اطلاق کے بعد ریگولر اور فائن آٹے کی ہول سیل اور ریٹیل قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ریگولر آٹے کی ہول سیل قیمت 110 روپے سے بڑھا کر 122 روپے فی کلو جبکہ ریٹیل قیمت 113 روپے سے بڑھا کر 125 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے۔

اسی طرح فائن آٹے کی ہول سیل قیمت 118 روپے سے بڑھا کر 132 روپے فی کلو اور ریٹیل قیمت 121 روپے سے بڑھا کر 135 روپے فی کلو کر دی گئی ہے۔ تاہم چکی کے آٹے کی ریٹیل قیمت 145 روپے فی کلو پر برقرار رکھی گئی ہے۔کمشنر کراچی نے تمام دکانداروں کو ہدایت کی ہے کہ سرکاری نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔