جعلی کتاب فروش سستے داموں کتابیں فروخت کرنے کا جھانسہ دے کر شہریوں کو سنسان مقام پر بلاتے ہیں، جہاں ساتھی ملزمان لوٹ مار کی واردات انجام دیتے ہیں۔

کراچی میں کتابوں کی فروخت کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والا گروہ سرگرم ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ملزمان سوشل میڈیا اور آن لائن مارکیٹ پلیسز پر سستی کتابوں کے اشتہارات دیتے ہیں تاکہ خریداروں کو اپنی طرف متوجہ کر سکیں۔
ذرائع کے مطابق خریدار سے رابطے کے بعد اسے کسی مخصوص یا نسبتاً سنسان مقام پر بلایا جاتا ہے۔

ملاقات کے دوران اچانک دیگر ساتھی بھی آ جاتے ہیں اور اسلحے یا دھونس کے زور پر نقد رقم، موبائل فون، گاڑی یا دیگر قیمتی سامان چھین کر فرار ہو جاتے ہیں۔
ماہرین شہریوں کو مشورہ دیتے ہیں کہ آن لائن خرید و فروخت کے لیے ہمیشہ عوامی اور محفوظ مقامات کا انتخاب کریں، کسی نامعلوم شخص کے ساتھ اکیلے ملاقات سے گریز کریں اور ادائیگی یا قیمتی سامان حوالے کرنے سے پہلے مکمل تصدیق ضرور کریں۔