گوجرانوالہ: کھیالی بائی پاس، عابد کالونی، 25 فُٹا بازار اور گردونواح میں گیس کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ اہلِ علاقہ کے مطابق پورے دن میں صرف 3 سے 4 گھنٹے گیس دستیاب ہوتی ہے، جس کے باعث گھریلو امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہری کھانا پکانے کے لیے ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جس سے ان کے گھریلو اخراجات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ “گیس آتی نہیں، بل آ جاتا ہے”۔
اہلِ علاقہ کے مطابق خصوصاً صبح کے وقت گیس نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کے لیے ناشتہ تیار کرنا مشکل ہو جاتا ہے اور بعض بچے ناشتہ کیے بغیر اسکول جانے پر مجبور ہیں۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کھیالی بائی پاس، عابد کالونی، 25 فُٹا بازار اور گردونواح میں گیس کی لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لے کر گیس کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کی جائے۔