این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 17 ستمبر 2026 تک متوقع بارشوں کے باعث گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دریاؤں اور ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافہ اور اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان میں گلگت، دیامر، غذر، اشکومن، گپس یاسین، نگر، ہنزہ، شمشال، اسکردو اور شگر جبکہ خیبرپختونخوا میں اپر دیر، سوات، باجوڑ، ملاکنڈ، کرم، کوہستان، مہمند اور اورکزئی کے بعض علاقوں میں سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔
بلوچستان کے ژوب، شیرانی اور موسیٰ خیل میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح اسلام آباد اور پنجاب کے راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شیخوپورہ سمیت بعض شہری علاقوں میں شدید بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ شدید بارش کے دوران برساتی نالوں، زیرِ آب سڑکوں، پلوں اور نشیبی گزرگاہوں کو عبور کرنے سے گریز کریں اور سرکاری موسمی و حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔