عام لوگ پارٹی پاکستان کے چیئرمین نسیم صادق نے گوجرانوالہ یلو لائن میٹرو بس منصوبے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے کے موجودہ پروجیکٹ ڈائریکٹر کو فوری طور پر ہٹا کر ایک قابل اور تجربہ کار ٹیم تعینات کی جائے۔
نسیم صادق کا کہنا ہے کہ منصوبے پر مناسب منصوبہ بندی اور واضح حکمتِ عملی کے بغیر کام کیے جانے سے سرکاری وسائل اور عوام کے پیسے کا ضیاع ہو رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کہیں تعمیر کی جاتی ہے اور کہیں دوبارہ توڑ پھوڑ شروع کردی جاتی ہے، جس سے یہ تاثر پیدا ہوتا ہے کہ متعلقہ حکام کے پاس گوجرانوالہ کے مستقبل کے حوالے سے کوئی واضح اور حتمی پلان موجود نہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ یلو لائن منصوبے کی مکمل پلاننگ، ڈیزائن اور تعمیراتی معیار کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے اور ضرورت پڑنے پر یہ منصوبہ کسی تجربہ کار چینی کمپنی یا بین الاقوامی معیار کی حامل کمپنی کے سپرد کیا جائے۔
چیئرمین عام لوگ پارٹی پاکستان نے کہا کہ گوجرانوالہ کے شہری ایک جدید، خوبصورت اور بہتر منصوبے کے مستحق ہیں۔ ان کے مطابق ایسا منصوبہ بنایا جائے جو ایک سال بعد شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک نظام میں بہتری کا باعث بنے، نہ کہ ناقص منصوبہ بندی کے باعث شہریوں کے لیے مزید مشکلات پیدا کرے۔
انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ منصوبے پر ہونے والے اخراجات، ڈیزائن میں تبدیلیوں اور تعمیراتی فیصلوں کے حوالے سے عوام کو آگاہ کیا جائے اور گوجرانوالہ کو ایک قابل، تجربہ کار اور جوابدہ پروجیکٹ ٹیم فراہم کی جائے۔