پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی دوسری بار ماں بننے کے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں 41 سال کی عمر میں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی اور اس مرتبہ یہ سفر ان کے لیے جذباتی اور جسمانی طور پر پہلے سے کافی مختلف ہے۔

ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان نے بتایا کہ پہلی مرتبہ ماں بننے کے وقت ان کی عمر 24 سال تھی۔ اب ان کا بیٹا بڑا ہوچکا ہے اور ان کی زندگی کام، سفر اور دیگر مصروفیات کے ساتھ ایک خاص معمول میں آگے بڑھ رہی تھی، اس لیے طویل عرصے بعد دوبارہ ماں بننا ان کی زندگی میں ایک بڑی تبدیلی ہے۔
ماہرہ خان کے مطابق انسان اپنی زندگی کے لیے بہت سے منصوبے بناتا ہے لیکن اللہ کی منصوبہ بندی سب سے بہتر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تجربے نے انہیں ہر چیز کو اپنے قابو میں رکھنے کی کوشش کے بجائے زندگی میں آنے والی تبدیلیوں کو قبول کرنا سکھایا۔

اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ 41 سال کی عمر میں حمل کا جسمانی تجربہ پہلی مرتبہ کے مقابلے میں زیادہ مشکل محسوس ہورہا ہے اور بعض دن وہ اپنی خواہش کے مطابق کام نہیں کر پاتیں۔

کینیڈا میں منعقدہ تقریب میں ماہرہ خان نے بلیک گاؤن کا انتخاب کیا اور ہلکی جیولری کے ساتھ نظر آئیں۔ تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد ان کے میٹرنٹی لُک پر بھی صارفین کی جانب سے تبصرے کیے گئے۔