پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کو اکثریت دی ہے اور اب پارٹی عوام کے ووٹ کے تحفظ کے لیے ہر ممکن جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ اس کے لیے (ن) لیگ کا مفاد اہم ہے یا پاکستان کا۔
میرپور میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر کے انتخابی عمل پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرپور سے پونچھ تک ہونے والے واقعات کو جمہوریت نہیں کہا جا سکتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض حلقوں میں عوامی مینڈیٹ تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور زور زبردستی کے ذریعے حکومت بنانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ریاست پاکستان اور قومی مفاد کے ساتھ کھڑی ہے، تاہم کسی سیاسی جماعت کے مفاد کے لیے عوامی مینڈیٹ پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتخابی نتائج اور عوام کے ووٹ کا مکمل احترام کیا جائے اور آزاد کشمیر میں جمہوری عمل کو شفاف بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا اور کسی کو بھی عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔