ایران نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ کے دوران ملک کے توانائی کے شعبے کو شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں قدرتی گیس کی یومیہ پیداوار کی صلاحیت تقریباً 230 ملین مکعب میٹر متاثر ہوئی ہے۔
ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ جنگ کے دوران توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نمایاں نقصان پہنچا، جس کا براہِ راست اثر قدرتی گیس کی پیداوار پر پڑا۔ ان کے مطابق حکومت متاثرہ تنصیبات کی بحالی اور مرمت کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہی ہے تاکہ گیس کی پیداوار کو جلد از جلد معمول پر لایا جا سکے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اس سے قبل بھی امریکا اور اسرائیل سے جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کا معاوضہ طلب کر چکا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق جنگ کے باعث ملک کو براہِ راست اور بالواسطہ طور پر تقریباً 270 ارب ڈالر کا معاشی نقصان پہنچا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر قدرتی گیس کی پیداوار میں یہ کمی طویل عرصے تک برقرار رہی تو اس کے اثرات ایران کی معیشت کے ساتھ ساتھ خطے میں توانائی کی سپلائی اور عالمی گیس مارکیٹ پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔