لاہور: صوبہ پنجاب میں جدید تعلیم اور ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ کے لیے ایک اہم اقدام کے تحت Google کے تعاون سے ایک لاکھ سے زائد طلبہ اور اساتذہ کو مفت سرٹیفکیشن کورسز فراہم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ حکومتِ پنجاب کے “Year of Youth 2026” پروگرام کا حصہ ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو عالمی معیار کی ٹیکنالوجی تعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔
اس پروگرام کے تحت صوبے بھر کی متعدد سرکاری و نجی جامعات کے طلبہ کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں میں تربیت دی جائے گی۔ ان کورسز میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس، سائبر سیکیورٹی، ڈیٹا اینالیٹکس، آئی ٹی سپورٹ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ای کامرس سمیت دیگر اہم شعبے شامل ہیں، جو عالمی جاب مارکیٹ میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
حکام کے مطابق یہ سرٹیفکیشن کورسز عام طور پر مہنگی فیس کے ساتھ پیش کیے جاتے ہیں، تاہم اس منصوبے کے تحت طلبہ کو یہ سہولت مکمل طور پر مفت فراہم کی جائے گی، تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ انہیں بین الاقوامی سطح پر بہتر روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ حکومت کا ہدف ہے کہ پنجاب کو ڈیجیٹل ترقی کے میدان میں نمایاں مقام دلایا جائے اور نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جائے۔