امریکہ اور کینیڈا کے درمیان تجارتی مذاکرات میں ڈرامائی تعطل سے دو روز قبل امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایک نجی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کو ’’بہت نرم مزاج شخص‘‘ قرار دیا تھا۔
کینیڈین پریس کو موصول ہونے والی ایک نجی آڈیو ریکارڈنگ کے مطابق وینس نے کہا کہ کارنی آتے ہیں، سینہ پھلا کر کہتے ہیں کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ سے زیادہ سخت مؤقف اختیار کریں گے۔
وینس نے کینیڈا کے اس طرزِ عمل کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈین بالآخر کئی معاملات پر اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔
کینیڈا میں وینس کے ان تبصروں کو خاصی کوریج ملی۔ اگرچہ یہ واضح نہیں کہ یہی بیانات کارنی حکومت کے سفارت کاروں کے گزشتہ ہفتے کے اختتام پر مذاکرات چھوڑ کر واپس جانے کی براہِ راست وجہ تھے یا نہیں، تاہم ان تبصروں نے دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات میں مزید بہتری کے بجائے تناؤ میں اضافہ ضرور کیا۔