پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ استحصالِ کشمیر، کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی
اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ استحصالِ کشمیر منایا جا رہا ہے۔ اس دن کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور بھارت کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات کی مذمت کرنا ہے۔
آج سے سات برس قبل بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرتے ہوئے آرٹیکل 370 اور 35A کو منسوخ کر دیا تھا۔ پاکستان، کشمیری عوام اور مختلف عالمی حلقے اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسلسل مسترد کرتے آ رہے ہیں۔
یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اسلام آباد سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات، ریلیوں اور دعائیہ اجتماعات کا اہتمام کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت میں شاہراہِ دستور پر مرکزی ریلی نکالی گئی جبکہ صبح 9 بجے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اسی طرح چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی یکجہتی ریلیاں منعقد ہوئیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن تنازعٔ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی برادری کو صرف تشویش کے اظہار تک محدود رہنے کے بجائے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
پاکستان اردو پوائنٹ عوام تک بروقت، مستند اور ذمہ دارانہ خبریں پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔