باغ: آزاد کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے میں باغ کے بنی منہاساں پولنگ اسٹیشن پر پولنگ شروع ہونے سے قبل مبینہ طور پر گن پوائنٹ پر بیلٹ پیپرز چھین لیے گئے۔
پریذائڈنگ آفیسر کے مطابق مسلح افراد نے پولنگ کے آغاز سے پہلے پولنگ اسٹیشن میں کارروائی کرتے ہوئے بیلٹ پیپرز اپنے قبضے میں لے لیے۔
ذرائع کے مطابق بنی منہاساں پولنگ اسٹیشن مسلم لیگ ن کے امیدوار مشتاق احمد منہاس کا آبائی پولنگ اسٹیشن ہے۔ مزید یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ پولنگ کے آغاز سے قبل پولنگ اسٹیشن نمبر 4 اور 7 پر چار، چار سو سے زائد مبینہ بوگس ووٹ ڈالے گئے۔
واقعے کے بعد پولنگ کے عمل اور انتخابی سامان کی سکیورٹی پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور سرکاری مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔