باغ اور حویلی کے چار حلقوں میں ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی
میرپور، آزاد کشمیر: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے اضلاع باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
تیسرے مرحلے میں ضلع باغ کے 3 جبکہ ضلع حویلی کے ایک حلقے میں ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ انتخابی عمل کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
انتخابی میدان میں مسلم کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور اور سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس سمیت اہم امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
شیڈول میں تبدیلی کے باعث پونچھ ڈویژن کے بعض دیگر حلقوں میں انتخابات پہلے ہی مؤخر کیے جا چکے ہیں۔ تیسرے مرحلے کی پولنگ کے بعد آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی نشستوں پر انتخابی عمل مزید آگے بڑھے گا۔