والدین بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھیں، ہر مسئلے کا ذمہ دار یوٹیوبرز کو قرار دینا درست نہیں، ڈکی بھائی
پاکستان کے معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی نے بچوں پر یوٹیوبرز کے مبینہ منفی اثرات سے متعلق تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کی تربیت اور ان کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھنا بنیادی طور پر والدین کی ذمہ داری ہے۔
ڈکی بھائی کا کہنا تھا کہ یہ مؤقف درست نہیں کہ بچوں کے بگاڑ کی وجہ صرف یوٹیوبرز ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر بچے مبینہ طور پر منفی مواد سے متاثر ہو رہے ہیں تو والدین کی ذمہ داری کہاں ہے؟
یوٹیوبر نے کہا کہ وہ اپنی ویڈیوز کو صاف اور مناسب رکھنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم وہ ہر بچے کے والد نہیں ہیں۔ ان کے مطابق بچوں کو کیا دیکھنا ہے اور وہ انٹرنیٹ پر کیا سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں، اس پر نظر رکھنا والدین کا کام ہے۔
ڈکی بھائی نے اپنے بچپن کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد انہیں پڑھائی پر توجہ دینے کی ترغیب دیتے تھے اور ان کی سرگرمیوں کی نگرانی بھی کرتے تھے۔ ان کے مطابق ان کے والد نے کمپیوٹر پر حفاظتی نظام بھی لگا رکھا تھا تاکہ ان کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھی جا سکے۔
انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کی تربیت اور آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی میں اپنا کردار ادا کریں اور ہر مسئلے کا ذمہ دار صرف یوٹیوبرز کو قرار دینے کے بجائے اپنی ذمہ داری بھی پوری کریں۔