پاکستانی زرعی و غذائی مصنوعات کی سعودی عرب کو برآمدات 3 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف
اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب نے زرعی اور غذائی تحفظ کے شعبے میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق پاکستانی زرعی و غذائی مصنوعات کی سعودی عرب کو برآمدات کو آئندہ دو سال کے دوران 3 ارب امریکی ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس مقصد کے لیے چاول، سرخ گوشت، پراسیسڈ فوڈ، پھل اور فروٹ کنسنٹریٹس، سبز چارہ اور پانی کے مؤثر استعمال پر مبنی زرعی ٹیکنالوجیز کو ترجیحی شعبے قرار دیا گیا ہے۔ سعودی فریق نے پاکستان سے چاول اور سرخ گوشت کی درآمد میں اضافے سمیت پاکستانی زرعی مصنوعات کے لیے سعودی مارکیٹ میں مزید مواقع پیدا کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
دونوں ممالک نے نجی شعبے کے درمیان کاروباری روابط، سرمایہ کاری، ایگری فوڈ پراسیسنگ اور زرعی ویلیو چین میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ مشترکہ اعلامیے میں پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اور غذائی تحفظ کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔