پولیس نے عدالت میں چالان جمع کرا دیا، تفتیش کے بعد منیب بٹ کو مقدمے سے بے گناہ قرار دے دیا گیا۔

کراچی: اداکار منیب بٹ کے خلاف شارٹ ٹائم اغوا اور تاوان کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ انسدادِ دہشت گردی کی منتظم عدالت میں پولیس نے مقدمے کا چالان جمع کرا دیا، جس میں اداکار منیب بٹ کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے۔اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (AVCC) کی جانب سے عدالت میں سات صفحات پر مشتمل چالان پیش کیا گیا۔ چالان کے مطابق مقدمے میں ملوث تین ملزمان شاہد ستار، وزیر محمد اور محمد سلیم کو گرفتار ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ منیب بٹ، محسن راجپر اور عبدالرحمان چانڈیو کو ضمانت پر ظاہر کیا گیا ہے۔

پولیس کی تفتیش کے مطابق اداکار منیب بٹ کے خلاف الزامات ثابت نہیں ہوئے، جس کے باعث انہیں اس مقدمے میں بے گناہ قرار دیا گیا۔مقدمے کے مطابق ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے مدعی محمد متعل کو شاہراہ فیصل سے شارٹ ٹائم اغوا کر کے ان سے 24 لاکھ 94 ہزار روپے مالیت کی کرپٹو کرنسی چھین لی۔ بعد ازاں ملزمان مبینہ طور پر مغوی کو کورنگی انڈسٹریل ایریا میں چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مزید قانونی کارروائی متعلقہ عدالت میں جاری ہے۔