گوجرانوالہ: مدنی روڈ کھیالی گزشتہ 3 ماہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سڑک پر جگہ جگہ گہرے کھڈے موجود ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں۔
بارش کے دوران کھڈوں میں پانی جمع ہونے سے صورتحال مزید خطرناک ہو جاتی ہے۔ اہلِ علاقہ کے مطابق دوسرے شہروں سے آنے والے شہری اکثر سڑک کی خراب حالت سے لاعلم ہوتے ہیں اور پانی سے بھرے کھڈوں کے باعث حادثات کا شکار ہو جاتے ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ایسے کئی حادثات پہلے بھی رونما ہو چکے ہیں۔
مدنی روڈ پر موجود دکاندار بھی گزشتہ 3 ماہ سے کاروباری مشکلات اور مالی نقصان کا سامنا کر رہے ہیں۔ دکانداروں کے مطابق تعمیراتی کام کی وجہ سے گاہکوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے، جس سے کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اور ٹھیکیدار کبھی کئی دن بعد موقع پر آتے ہیں، کبھی سڑک پر مٹی ڈالی جاتی ہے اور کبھی مٹی نکالی جاتی ہے، لیکن تعمیراتی منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔
مدنی روڈ کے دکانداروں اور اہلِ علاقہ نے حکومت اور متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مدنی روڈ کے تعمیراتی منصوبے کو فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو حادثات اور دکانداروں کو کاروباری نقصان سے نجات مل سکے۔