پاکستان سمیت 12 اسلامی ممالک کا شام پر اسرائیلی حملوں کی مذمت، عالمی برادری سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد: پاکستان، ترکیہ، الجزائر، انڈونیشیا، اردن، لبنان، ملائیشیا، موریطانیہ، فلسطین، قطر، سعودی عرب اور صومالیہ کے وزرائے خارجہ نے شام میں اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ مطالبہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیل نے شمال مغربی شام کے صوبہ ادلب میں ابو الظہور فوجی ہوائی اڈے کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔ رپورٹس کے مطابق حملوں میں رن وے اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
مشترکہ مؤقف میں شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ شام کی سرزمین پر ایسے حملے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر سے متصادم ہیں۔ پاکستان نے بھی ابو الظہور ایئربیس پر حملے کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اسرائیل کو جواب دہ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اسلامی ممالک نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ شام میں اسرائیلی کارروائیوں کی روک تھام کے لیے مضبوط اور اصولی موقف اختیار کیا جائے اور 1974 کے انخلا کے معاہدے کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جائے۔