گوجرانوالہ: کھیالی بائی پاس کے گردونواح، خصوصاً عابد کالونی اور تاراں والا بازار میں جگہ جگہ کوڑے اور گندگی کے ڈھیر شہریوں کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن گئے ہیں۔ کچرے کے ڈھیروں سے بدبو اور تعفن پھیل رہا ہے، جس کے باعث اہلِ علاقہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی شہریوں کے مطابق متعلقہ اداروں کو متعدد مرتبہ شکایات کی جا چکی ہیں، تاہم گندگی کا مستقل حل نہیں کیا جا سکا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کبھی کبھار صفائی عملہ آتا ہے، ایک دو مقامات سے کچرا اٹھایا جاتا ہے اور پھر دوبارہ صفائی کا عمل رک جاتا ہے، جس کے باعث کچھ ہی عرصے بعد گندگی کے ڈھیر دوبارہ جمع ہو جاتے ہیں۔
اہلِ علاقہ نے متعلقہ انتظامیہ اور صفائی کے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ کھیالی بائی پاس، عابد کالونی اور تاراں والا بازار میں فوری اور مستقل بنیادوں پر صفائی کروائی جائے اور گندگی کے ڈھیروں کا خاتمہ کیا جائے۔