گوجرانوالہ: کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے کہا ہے کہ شہریوں کو معیاری اور بروقت میونسپل سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔ انہوں نے یہ بات میونسپل سروسز کی بہتری کے حوالے سے گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسرز کے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کمشنر محمد علی نے ہدایت کی کہ شہروں اور قصبوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، سیوریج کی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے، نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھا جائے اور سڑکوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے افسران پر زور دیا کہ شہریوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے اور میونسپل اداروں کی کارکردگی میں بہتری کے لیے جدید انتظامی طریقہ کار اپنایا جائے۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے کہا کہ تمام متعلقہ افسران باقاعدگی سے فیلڈ وزٹ کریں، جاری ترقیاتی اور صفائی کے کاموں کی نگرانی کریں اور عوام کو درپیش مسائل کا فوری اور مؤثر حل یقینی بنائیں۔ اجلاس میں میونسپل سروسز سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا جبکہ صفائی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، سیوریج، نکاسی آب، تجاوزات کے خاتمے اور شہری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے متعلقہ افسران نے اپنی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ بھی دی۔ کمشنر محمد علی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈویژن بھر میں میونسپل سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور سہولتوں سے آراستہ ماحول میسر آ سکے۔ انہوں نے تمام ضلعی اور بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں اور گوجرانوالہ ڈویژن کو مثالی انتظامی کارکردگی کا نمونہ بنایا جائے۔