آبنائے ہرمز کھولنے کے معاملے پر غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پیر کی ابتدائی ایشیائی ٹریڈنگ میں برینٹ خام تیل کی قیمت ایک فیصد سے زائد اضافے کے بعد 84 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی، جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔
آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم بحری گزرگاہ ہے، اس لیے اس کے مستقبل سے متعلق غیر یقینی صورتحال نے عالمی تیل مارکیٹ میں تشویش اور قیمتوں پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔
ایران اور عمان کے درمیان بحری راستوں سے متعلق بات چیت جاری ہے، تاہم آبنائے ہرمز کی مکمل بحالی کے حوالے سے صورتحال تاحال واضح نہیں۔ اسی غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ برقرار رہنے کا امکان ہے۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے پاکستان سمیت تیل درآمد کرنے والے ممالک میں بھی عوامی و معاشی دباؤ بڑھنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔