اسلام آباد: ملکی معیشت کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، جس کے مطابق پاکستان کے بحری شعبے میں 6 سے 9 ارب ڈالرز کی بڑی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہوئی ہیں۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انور چوہدری کے مطابق خلیجی خطے میں بدلتی ہوئی شپنگ سرگرمیوں کے باعث پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے۔ سرمایہ کاری کی تجاویز میں کارگو ٹرمینلز، ایل این جی، آئل اور کنٹینر ٹرمینلز کی تعمیر سمیت مختلف بڑے منصوبے شامل ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت کے باعث عارضی متبادل نہیں بلکہ مستقل علاقائی میری ٹائم ہب بننے کی جانب بڑھ رہا ہے۔
ان کے مطابق گزشتہ مالی سال پاکستان نے بحری شعبے میں اپنی جغرافیائی اہمیت کے باعث تقریباً 39.6 کروڑ ڈالر کا منافع حاصل کیا۔
جنید انور چوہدری نے بتایا کہ نیشنل پورٹس ماسٹر پلان کے تحت بنکرنگ سہولیات، آف ڈاک ٹرمینلز اور اضافی ٹرانس شپمنٹ صلاحیت تیار کی جا رہی ہے۔ حکومت کا مقصد میری ٹائم سیکٹر کو زرمبادلہ، صنعتی ترقی اور روزگار کا بڑا ذریعہ بنانا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق حکومت نے 2047 تک پاکستان کی میری ٹائم معیشت کو 100 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
پاکستان میں بحری شعبے میں مجوزہ بڑے منصوبوں اور سرمایہ کاری کو عالمی تجارت، معاشی ترقی اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔