لاہور: لاہور کے علاقے ڈیفنس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے ہالینڈ اور وینزویلا سے تعلق رکھنے والی دو غیر ملکی خواتین کو حراست میں لے لیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں خواتین پر مبینہ طور پر ایک بڑے مالیاتی فراڈ اور بین الاقوامی نیٹ ورک سے روابط کی تحقیقات جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق متعلقہ ادارے اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا ملزمان کا تعلق کسی منظم گروہ سے ہے یا وہ پاکستان میں کسی اور مقصد کے لیے موجود تھیں۔ تفتیش کے دوران اہم دستاویزات اور ڈیجیٹل شواہد بھی تحویل میں لیے گئے ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ کیس میں تقریباً 42 کروڑ روپے کی مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور فراڈ کے پہلوؤں پر بھی تحقیقات جاری ہیں، تاہم حکام کی جانب سے ابھی تک تمام تفصیلات باضابطہ طور پر جاری نہیں کی گئیں۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے، جبکہ دونوں خواتین سے مختلف پہلوؤں پر پوچھ گچھ جاری ہے۔