محکمہ موسمیات نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں کہیں کہیں بارش اور آندھی کی پیشگوئی کر دی، بیشتر علاقوں میں گرمی اور حبس برقرار رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ دو روز تک گرم اور مرطوب موسم برقرار رہنے کا امکان ہے، تاہم پنجاب سمیت بالائی علاقوں کے مختلف مقامات پر بارش اور آندھی کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں پر مغربی ہوا کا کمزور سلسلہ اثرانداز ہے، جبکہ بلوچستان کے مغربی حصے پر موسمی کم دباؤ موجود ہے، جس کے باعث بعض علاقوں میں موسم تبدیل ہونے کا امکان ہے۔

آج پنجاب کے لاہور، نارووال، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں کہیں کہیں بارش اور تیز ہواؤں کی توقع ہے، جبکہ کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بھی شام یا رات کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے.اسلام آباد اور گردونواح میں بھی شام یا رات کے وقت بارش اور گرج چمک کا 35 فیصد امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم کی تازہ صورتحال سے آگاہ رہنے اور آندھی یا بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔