11 سے 12 جولائی تک بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارش، ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت۔

محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں مون سون کے دوسرے اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 11 جولائی سے 12 جولائی تک صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ژوب، شیرانی، دکی، کوہلو اور ہرنائی میں موسلا دھار بارش جبکہ لورالائی، بارکھان، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی اور خضدار میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے بلوچستان نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ریسکیو اداروں کو بھی ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا کہا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خستہ حال عمارتوں میں رہائش اختیار نہ کریں اور بارش کے دوران ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور پکنک مقامات کا رخ کرنے سے اجتناب کریں۔