ماہرین صحت کے مطابق صحت بخش ناشتہ بچوں کی جسمانی توانائی کے ساتھ ذہنی نشوونما، توجہ اور تعلیمی کارکردگی کے لیے بھی اہم ہے۔
بہت سے بچے صبح کی مصروفیت یا ناشتہ نہ کرنے کی عادت کے باعث بغیر کچھ کھائے اسکول چلے جاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ عادت بچوں میں تھکن، سستی، چڑچڑے پن اور کلاس میں توجہ کی کمی کا باعث بن سکتی ہے۔
ایک ہسپانوی نیشنل ہیلتھ سروے میں 4 سے 14 سال کی عمر کے 3 ہزار 772 بچوں کے والدین اور سرپرستوں سے معلومات حاصل کی گئیں۔ تحقیق میں بچوں کی ناشتے کی عادات کے ساتھ ان کی نفسیاتی صحت، خود اعتمادی، مزاج اور بے چینی سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ماہرین کے مطابق صرف ناشتہ کرنا ہی نہیں بلکہ متوازن اور گھر میں تیار کیا گیا ناشتہ بھی اہم ہے۔ گھر سے باہر کیا جانے والا ناشتہ یا ناشتہ مکمل طور پر چھوڑ دینا بچوں کی صحت اور رویوں پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔
صحت کے ماہرین والدین کو مشورہ دیتے ہیں کہ صبح کی مصروفیت کے باوجود بچوں کو غذائیت سے بھرپور ناشتہ ضرور کرائیں تاکہ وہ بہتر توانائی، توجہ اور ذہنی کیفیت کے ساتھ اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔