مسلسل شکستوں کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم میں ہلچل، کوچنگ اسٹاف اور سپورٹ اسٹاف میں اہم تبدیلیوں کی تیاری۔

افریقہ، آئرلینڈ اور پھر انگلینڈ کے خلاف مسلسل شکستوں کے بعد ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بھارتی کرکٹ ٹیم شدید دباؤ کا شکار ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ میں اہم مشاورت جاری ہے اور کوچنگ اسٹاف میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے کوچنگ اسٹاف کے ایک اہم رکن کے آئی پی ایل فرنچائز سے وابستہ ہونے کا امکان ہے، جبکہ سپورٹ اسٹاف کے ایک اور رکن کی بھی رخصتی متوقع بتائی جا رہی ہے۔ سلیکٹرز اور کوچنگ اسٹاف کے درمیان اختلافات نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انگلینڈ کے خلاف سیریز کے اختتام پر بھارتی کرکٹ بورڈ کا اہم جائزہ اجلاس متوقع ہے، جس میں ٹیم کی مسلسل ناکامیوں، کوچنگ سیٹ اپ اور مستقبل کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔ اطلاعات ہیں کہ مسلسل شکستوں کے بعد ڈریسنگ روم کا ماحول بھی متاثر ہوا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ، آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش اور انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں بھی مسلسل شکستوں کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ٹیم میں بڑے فیصلوں کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔