پاکستانی ٹی وی میزبان اور سوشل میڈیا شخصیت متھیرا نے مردوں کی ذہنی اور جذباتی صحت سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے نے مردوں کو ایک ایسی “مشین” بنا دیا ہے جس پر ہر وقت ذمہ داریوں کا بوجھ ڈال دیا جاتا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے متھیرا نے کہا کہ لڑکوں کی پرورش اس انداز میں ہونی چاہیے کہ وہ اپنے جذبات کے اظہار سے نہ گھبرائیں۔ ان کے مطابق ماؤں اور بیویوں کا بھی اہم کردار ہے کہ وہ مردوں کو جذباتی طور پر سمجھیں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔
متھیرا کا کہنا تھا کہ مرد بھی اس معاشرے میں مختلف مشکلات اور دباؤ کا سامنا کرتے ہیں، مگر ان سے ہمیشہ مضبوط رہنے اور ہر ذمہ داری اٹھانے کی توقع کی جاتی ہے۔ یہی مسلسل دباؤ انہیں ذہنی اور جذباتی طور پر تھکا دیتا ہے، جس کے باعث وہ بعض اوقات اچھے والد، شوہر، بیٹے یا بھائی کا کردار بھی مشکل سے ادا کر پاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بچپن سے لڑکوں کو یہ سکھایا جائے کہ جذبات کا اظہار کرنا، اداس ہونا یا ذہنی دباؤ محسوس کرنا فطری بات ہے اور اس میں شرمندگی کی کوئی وجہ نہیں، تو معاشرے میں مثبت تبدیلی آ سکتی ہے۔
متھیرا نے مردوں کی ذہنی صحت اور معاشرتی دباؤ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے نے مردوں کو مشین بنا دیا ہے اور انہیں اپنے جذبات کے اظہار کی آزادی ملنی چاہیے۔