وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پُرامن احتجاج آئینی حق ہے، تاہم تشدد، توڑ پھوڑ اور سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
شبدقدر، چارسدہ میں وفاقی کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر کے دورے کے دوران محسن نقوی نے انسدادِ ہنگامہ آرائی کی تربیتی مشقوں کا جائزہ لیا۔ مشقوں میں ہجوم کو کنٹرول کرنے، حساس مقامات کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کی تربیت شامل تھی۔
وزیر داخلہ نے تربیتی معیار بہتر بنانے اور اہلکاروں کو جدید حفاظتی سامان، خصوصاً گیس ماسک فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ تربیتی پروگرام میں تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے اہلکار شریک ہیں، جبکہ 35 خواتین اہلکار بھی تربیت حاصل کر رہی ہیں۔