واشنگٹن: امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی اور ٹیرف تنازع کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جھیل اونٹاریو کا نام تبدیل کرکے ’’جھیل امریکا‘‘ رکھنے کے حکم پر دستخط کر دیے۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے امریکی محکمہ داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ جھیل اونٹاریو کا نام امریکی حکومت کے سرکاری جغرافیائی ناموں کے نظام میں ’’جھیل امریکا‘‘ درج کیا جائے۔
جھیل اونٹاریو امریکا کی ریاست نیویارک اور کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے درمیان واقع ہے۔ تاہم امریکی فیصلے کا اطلاق امریکی وفاقی حکومت کے سرکاری ریکارڈ اور حوالہ جات تک محدود ہوگا۔
اس سے قبل ٹرمپ انتظامیہ نے خلیج میکسیکو کو امریکی وفاقی سطح پر ’’خلیج امریکا‘‘ قرار دینے کی ہدایت بھی جاری کی تھی۔
دوسری جانب کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے امریکی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کینیڈا میں اس آبی گزرگاہ کا تاریخی نام جھیل اونٹاریو ہی رہے گا۔
یوں ایک ہی جھیل کے لیے امریکا اور کینیڈا میں مختلف نام استعمال کیے جانے کا معاملہ دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی میں ایک نیا موضوع بن گیا ہے۔
ٹرمپ نے جھیل اونٹاریو کا نام امریکی سرکاری ریکارڈ میں ’’جھیل امریکا‘‘ رکھنے کا حکم دے دیا، کینیڈا نے فیصلہ مسترد کرتے ہوئے تاریخی نام برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔